شادی کی سب سے پرجوش خلائی پروپوزل

Last Updated On 09 July,2018 10:58 pm

محبوب سے ملاقات کے لیے ’چاند اور تارے توڑلانے‘ کی رومانوی باتیں اب خیالی تصورات سے بڑھ کر حقیقت کا روپ دھارتی دکھائی دیتی ہیں۔ اگرچہ چاند تارے توڑنا تو محض محاورۃ استعمال کیا جاتا ہے مگر دو محبت کرنے والوں کا چاند پر ملاپ، اظہار محبت اورایک دوسرے کو شادی کا پیغام اکیسویں صدی کا ’جنونی‘ اور سب سے پرجوش سفر بننا اب خواب نہیں رہا ہے۔

ایک ویب سائیٹ کے مطابق حیران کن شادیوں کے انتظامات کی تفصلات شائع کرنے والی ایجنسی نے ایک نیا پلان ترتیب دیا ہے جس کے تحت سنہ 2022ء میں چاند پر پرواز کے دوران محبت کرنے والا جوڑا ایک دوسرے کو شادی کے لیے پروپوز کرسکے گا۔

چاند کی سطح پر یہ سفرمشہور گلوکار فرانک سینانٹرا کے گیت   ’Fly Me to the Moon‘    کی دھن سے شروع ہوگا۔ ایک ہفتے تک جاری رہنے والے اس منفرد خلائی سفرکے لیے دونوں ایک آزاد کیپسول میں سفر کریں گے۔ وہ اس سفر میں زمین سے باہر خلا میں ایک دوسرے کے ساتھ محبت کے اظہار اور شادی کے لیے ایک دوسرے کو پروپوز کرسکیں گے۔

تاہم یہ سفر ہر کس و ناکس کے بس کی بات نہیں۔ اس کے لیے تمام تنکنیکی اور ضروری معلومات کے حصول کے ساتھ احتیاطی تدابیر کا سمجھنا ناگزیر ہوگا۔ مگر اس سے بھی پہلے جوڑے کے پاس سفر کے اخراجات جو ایک کروڑ 45 لاکھ ڈالر تک ہوسکتے ہیں کا انتظام بھی ہونا چاہیے۔

ایجنسی کے مطابق خلاء میں شادی کے لیے پروپوزل 13.8 ارب سال کے انسانی سفر کا سب سے خوبصورت اور جنون آمیز انداز ہوگا۔ سفر کی تیاریوں کا آغاز مارچ 2022ء کو ہوگا۔ اس کے لیے دونوں افراد کو www.proposeinspirs.com پر خود کو رجسٹرڈ کرانا ہوگا جس کے بعد وہ اگلے پانچ ماہ میں درج ذیل نوعیت کے انتظامات کی تیاری کریں گے۔ انہیں مسلسل بارہ ہفتے تک جسمانی اور تکنیکی تربیت دی جائے گی۔ مقررہ تاریخ پر امریکی ریاست فلوریڈا کے کپ کنیفرال کینڈی سپیس سینٹر میں پہنچنا ہوگا۔

ریچرڈ شٹراؤس کے گیت "Also sprach Zarathustra, Op.30" کی دھن بجتے ہی دونوں سیاحوں کو اپنے وزن کے انعدام کا احساس کرتے ہوئے خصوصی ہلمٹ کو استعمال کرنا ہوگا۔ اس کے تین دن بعد وہ چاند سے 200 یا 300 کلو میٹر کی مسافت پر پرواز کر رہے ہوں گے۔ وہاں ان کا زمین سے 30 منٹ کے لیے رابطہ منقطع ہوجائے گا۔ یہ وہ وقت ہوگا جب وہ کیپسول میں چاند کے تاریک حصے پر اڑ رہے ہوں گے۔ چاند کے مدار کے نصف سفر کے دوران گیت ’Fly Me to the Moon‘ چل پڑے گا۔

اس موقع پر دونوں ایک دوسرے کو شادی کی انگشتری جو ان کے خلائی لباس میں موجود ہوگی پیش کرسکیں گے۔ چاند کی سطح کے قریب سے وہ زمین کا حیران کن نظارہ کریں گے جس کے بعد ان کی واپسی کا چار روزہ سفر شروع ہوگا۔ یوں یہ انسانی تاریخ کا شادی کی پروپوزل کا پرجوش سفر اپنے اختتام کو پہنچے گا۔