اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدرِ مملکت اور وزیرِاعظم کی جانب سے قوم کو مبارکباد، سیلاب اور قحط جیسے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی
ٹیکنالوجی کے میدان میں اہم سنگ میل عبور، پاکستان نے دو سیٹلائٹ لانچ کر دئیے، ملکی سطح پر تیار دونوں سیٹلائٹ جی پی ایس اور جی آئی ایس کی سہولیات سے لیس ہیں۔ صدرِ مملکت اور وزیرِاعظم کی قوم، سائنسدانوں اور انجنئیرز کو مبارکباد۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق سیٹلائٹ پی آر ایس ایس ون اور پاک ٹیس ون اے صبح 8 بجکر 57 منٹ پر چین سے لانچ کئے گئے۔ 1200 کلوگرام وزنی سیٹلائٹ پی آر ایس ایس ون 640 کلومیٹر جبکہ 285 کلوگرام وزنی پاک ٹیس ون اے 610 کلومیٹر کی اونچائی پر کام کرے گا۔ پاک ٹیس ون اے سیٹلائٹ کی عمر تین سال ہو گی۔
ترجمان ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ سیٹلائٹ لانچنگ سے ڈیٹا کلیکشن، پلاننگ، ریسورس مینجمنٹ اور عوام کا معیارِ زندگی بہتر ہو گا۔ سیٹلائٹ لانچنگ سے پانی بحران، سیلاب، بارش کی مقدار جانچنے اور پانی ذخیرہ کرنے کی منصوبہ بندی میں بھی مدد ملے گی۔