میڈ فورڈ: (ویب ڈیسک) سائنس دانوں نے پیچیدہ زخموں پر نظر رکھنے اور ان کے علاج کےلیے ’سمارٹ بینڈیج‘ (ذہین پٹی) ایجاد کر لی جو نہ صرف زخم بھرنے میں مددگار ثابت ہوگی بلکہ زخم تک دوا کی فراہمی کو بھی یقینی بنائے گی۔
سائنسی جریدے اسمال میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق سمارٹ بینڈیج زخم کو بھرنے میں نہایت کارگر ہے جو زخم بھرنے کے روایتی طریقوں کو مات دے دے گی۔ زخموں کے علاج کےلیے ٹیکنالوجی کے استعمال سے مریضوں کو فوری فائدہ پہنچے گا بالخصوص جلے ہوئے اعضا، حادثات اور ذیابیطس کے باعث ہونے والے زخموں کے علاج میں اس ٹیکنالوجی سے خاصی مدد حاصل ہو گی۔
طبی محققین کی ایک ٹیم نے ایسی سمارٹ کمپیوٹرائزڈ پٹی تیار کی ہے جو زخم بھرنے کے عمل کے انڈیکیٹرز جیسے پی ایچ، آکسیجن اور درجہ حرارت پر نظر رکھنے کی اہلیت رکھتی ہے جب کہ اس بینڈیج کی سب سے خاص بات برقی توانائی کا استعمال کرکے زخم کو دوا فراہم کرنا ہے جس سے پیچیدہ سے پیچیدہ زخم بھی ٹھیک ہوجاتا ہے۔
یہ سمارٹ بینڈیج دو حصوں پر مشتمل ہے: پہلا زخم کو ڈھانپنے والا حصہ ہے جس میں سینسرز اور ’’ڈرگ کیریئرز‘‘ موجود ہوتے ہیں جو دوا کو زخم تک پہنچاتے ہیں، جب کہ دوسرے حصے میں مائیکرو پروسیسر ہوتا ہے جو زخم کی نوعیت، درجہ حرارت اور پی ایچ کو دیکھتے ہوئے سینسرز کو ان کے تفویض شدہ کام کرنے کی ہدایت دیتا ہے۔
پی ایچ اسکیل پیچیدہ زخموں کے بھرنے کے عمل کی نگرانی کا مؤثر ذریعہ ہے۔ نارمل زخم کی پی ایچ ویلیو 5.5 سے 6.5 تک ہوسکتی ہے جب کہ پیچیدہ اور نہ بھرنے والے زخم کی پی ایچ 6.5 سے زیادہ ہوتی ہے۔ سمارٹ بینڈیج زخم کے پی ایچ پر نظر رکھتی ہے اور اس کا مائیکرو پروسیسر اسی مناسبت سے دوا کا اخراج کراتا ہے۔ ہم بینڈیج کے روایتی اور پرانے طریقوں سے زخم میں پی ایچ (یعنی تیزابیت/ اساسیت) پر نظر نہیں رکھ سکتے۔
اسی طرح درجہ حرارت بھی زخم کے بھرنے کے عمل کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے جس سے زخم میں سوزش کی نوعیت کا پتا چلایا جاسکتا ہے۔ اسمارٹ بینڈیج میں نصب سینسر زخم کے درجہ حرارت کی نگرانی کرتا ہے۔ یہی نہیں بلکہ یہ اسمارٹ بینڈیج آکسیجن کی مقدار بھی ناپ سکتی ہے جو زخم بھرنے کے عمل کا مطالعہ کرنے میں ایک اہم اور اظہار بھی ہے۔
سمارٹ بینڈیج کے سینسرز پی ایچ، درجہ حرارت اور آکسیجن کی مقدارمیں اضافہ یا کمی ہونے پر اسی مناسبت سے دوا کے اخراج کو یقینی بناتی ہے۔ اس طرح زخم کو بھرنے کےلیے جتنی دوا درکار ہوتی ہے، اتنی ہی مقدار میں دوا استعمال کی جاتی ہے۔