جسم کے اندر پیچیدہ بیماریوں کا پتہ چلانے والا کیمرا کیپسول

Last Updated On 12 July,2018 07:48 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) ایک عرصے تک کئی جان لیوا اور مہلک سمجھی جانے والی بیماریوں پر اب قابو پا لیا گیا ہے تاہم ہماری چھوٹی آنت سمیت جسم میں اب بھی بہت سی پیچیدہ بیماریاں پلتی ہیں جو ابھی تک سائنس کی گرفت میں نہیں آ سکیں۔

انڈوسکوپی سے بھی صرف بڑی آنت یا معدے تک ہی پہنچا جا سکتا ہے ۔اب تک چھوٹی آنت کی بیماریوں کی شناخت مشکل رہی ہے لیکن اب ایک کیمرے کے وجود میں آنے سے یہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ چھوٹی آنت میں پیدا ہونیوالی اور پلنے بڑھنے والی بیماریوں کے بارے میں معلومات میں اضافہ ہوگا۔

سائنسدانوں نے وائرلیس تکنیک کے استعمال کے ساتھ کیپسول دوا کو تیار کیا ہے۔ اس کیپسول میں ایک چھوٹا سا کیمرا نصب ہے جو معدے کی چھوٹی آنت کا حال بیان کریگا۔ یہ مائیکرو کیمرا تصاویر اور ویڈیو دونوں بنا سکتا ہے، جانچ کے وقت مریض کے پیٹ پر ایک بیلٹ باندھی جائیگی جس میں ریڈیو سینسر اور ڈیٹا ریکارڈر نصب ہوگا۔ کیپسول کھانے کے بعد سکرین پر ہر سیکنڈ میں دو تصاویر آتی رہیں گی اور اگر اس میں ویڈیو آپشن کو آن کر دیا جائے تو وہاں کی لائیو فیڈ بھی دیکھی جا سکتی ہے۔