لاہور: (ویب ڈیسک) جھوٹی اور جعلی خبروں کا معاملہ، فیس بک کے بعد پیغام رسانی کی سب سے بڑی ایپلی کیشن واٹس ایپ بھی میدان میں آگئی۔ سنسنی خیز اور جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے نئے فیچر پر کام شروع کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق پیغام رسانی کی سب سے مقبول ایپلی کیشن "واٹس ایپ" کی انتظامیہ نے اپنے پلیٹ فارم سے جعلی اور سنسنی خیز خبروں کو روکنے کے لیے ایک نئے فیچر پر کام شروع کردیا ہے۔ یہ فیچر واٹس ایپ گروپ میں آنے والے کسی بھی مختصر اور مشکوک لنک کی جانچ پڑتال کرے گا اور اس کے اصلی یا جعلی ہونے کا پتا لگائے گا۔ اگر خبر جعلی ہوئی تو لنک پر سرخ رنگ کا لیبل نمایاں ہوجائے گا، جس سے صارفین کو جعلی خبروں اور سنسنی خیز مواد سے بچانے اور ان جعلی لنکس کی روک تھام میں مدد ملے گی۔