انسٹاگرام نے وائس میسج کی سہولت متعارف کروا دی

Last Updated On 12 December,2018 12:08 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) کسی دوسری صنعت کی طرح انفارمیشن ٹیکنالوجی انڈسٹری میں بھی مقابلے کی دوڑ لگی رہتی ہے، واٹس ایپ کو دیکھتے ہوئے انسٹا گرام نے بھی صارفین کے لیے آڈیو پیغام ’وائس میسج‘ کی سہولت متعارف کروا دی۔

مختلف ٹیکنالوجی ویب سائٹس کے مطابق انسٹا گرام نے چیٹ باکس میں ’مائیکرو فون‘ کا بٹن شامل کیا ہے جسے دبا کر آڈیو پیغام ریکارڈ کیا جاسکتا ہے اور جیسے ہی بٹن سے ہاتھ ہٹائیں گے تو ازخود ’وائس میسج‘ سینڈ ہو جائے گا۔ وائس میسج بھیجنے کے بعد یہ چیٹ باکس میں موجود رہے گا چاہے وصول کرنے والا صارف اسے سنے یا نہ سنے جب کہ ایک بار میسج سننے کی صورت میں بھی اسے دوبارہ سنا جاسکتا ہے۔

اگست میں انسٹا گرام نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے پلیٹ فارم کو جعلی خبروں، جعلی اکاؤنٹس اور دھوکے بازوں سے محفوظ بنانے کے لیے اہم اقدامات کرنے جارہا ہے تاکہ صارفین کو اپنے فالوروز کی شناخت کرنے میں آسانی ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ انسٹاگرام ’ اباؤٹ دس اکاؤنٹ‘ (اس اکاؤنٹ کے بارے میں) کا فیچر جلد متعارف کرانے جارہا ہے جس میں صارفین کو اکاؤنٹ ہولڈر کی زیادہ معلومات، لوکیشن اور دیگر ذاتی معلومات فراہم کی جائیں گی۔