آسٹریلیا: (ویب ڈیسک) شوگر کی قسم ٹائپ ٹو ذیابیطس پورے جسم پر اثرات مرتب کرتی ہے اب ماہرین نے تازہ تحقیق کے دوران کئے گئے سروے میں ٹائپ ٹو ذیابیطس کے باعث دماغ کمزور ہونے کی علامات بھی دریافت کی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں تسمانیہ یونیورسٹی کے ماہرین نے مسلسل پانچ سال تک ذیابیطس کے مریضوں کا جائزہ لیا۔ اس میں انہوں نے اس مرض میں دماغی کیفیات اور دماغی سرگرمی میں کمی کو بطورِ خاص ہدف بنایا۔
ماہرین نے 55 سے 90 سال کے ایسے 705 مریضوں کا جائزہ لیا جو ڈھلتی عمر کے ساتھ ساتھ گرتی دماغی صلاحیتوں کے شکار تھے۔ ان میں 348 افراد ذیابیطس کے شکار تھے جبکہ 357 کو ایسا کوئی مرض نہ تھا۔ تمام مریضوں کے ایم آر آئی سکین لیے گئے اور ان کے دماغی حجم کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے بعد مسلسل 5 برس تک تمام مریضوں کے 7 اقسام کے معیاری دماغی ٹیسٹ لیے گئے لیکن مرض کے ساتھ اور مرض کے بغیر دونوں گروہوں میں دماغی حجم میں کمی یکساں نوٹ کی گئی۔
ماہرین نے کہا کہ جن افراد کو ذیابیطس تھا ان میں گفتگو کی تیزی اور باتوں سے متعلق یادداشت میں واضح کمی دیکھی گئی تاہم ماہرین نے کہا کہ ورزش، طرزِ زندگی اور خوراک سے اس نقصان کا ازالہ کیا جاسکتا ہے۔