نیویارک: (ویب ڈیسک) کمپیوٹر ٹیکنالوجی کے معروف سائنسدان لاری رابرٹس 81 سال کی عمر میں انتقال کر گئے، وہ انٹرنیٹ تخلیق کرنیوالی 4 رکنی ٹیم میں شامل تھے۔
لاری رابرٹس نے کئی سافٹ وئیرز اور آپریٹنگ سسٹمز کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔ 1960ء میں امریکہ کی ایڈوانس سرچ پروگرام ایجنسی کی سربراہی سنبھالی اور ارپانٹ نیٹ ورک نامی پروگرام دنیا کو متعارف کروایا جو بعد ازاں انٹرنیٹ کی تخلیق کی وجہ بنا۔ رابرٹس کی ٹیم کے دیگر ممبران میں ولین کلائنروک ،پوپ کان اور فینٹ سیرف شامل ہیں۔
ارپانٹ نیٹ ورک نے نوع انسانی کو انٹرنیٹ کا تحفہ دیا جس کی بدولت آج دنیا کے ہزاروں میل کے فاصلے سمٹ کر رہ گئے اور دنیا گلوبل ویلج میں تبدیل ہو گئی ہے۔ انسان کو انفارمیشن ایج میں داخل کرنے کا سہرا لاری رابرٹس اور انکی ٹیم کے سر ہے۔