سورج کی روشنی سے کام کرنے والی پہلی سمارٹ واچ آ گئی

Last Updated On 14 January,2019 03:16 pm

لاس ویگاس: (روزنامہ دنیا) دنیا کی پہلی ایسی سمارٹ واچ سامنے آ گئی جسے چارجنگ کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ سورج کی روشنی اور جسمانی حرارت سے ہی چارج ہو جاتی ہے۔ لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرونکس شو کے دوران میٹرکس پاور واچ 2 کو متعارف کرایا گیا ہے۔

اس گھڑی میں دل کی دھڑکن پر نظر رکھنے، قدموں کی گنتی کرنے، ریفلیکٹو کلر سکرین، 200 میٹر واٹر ریزیزٹنس، نوٹیفکیشنز اور جی پی ایس جیسے فیچرز موجود ہیں مگر اس کی خاص بات اس کی بیٹری چارجنگ خصوصیات ہیں کیونکہ یہ مکمل طور پر شمسی توانائی اور جسم سے خارج ہونے والی حرارت پر کام کرتی ہے۔

اس سمارٹ واچ کو تیار کرنے والی کمپنی میٹرک پہلے ہی ایسی فٹنس واچز تیار کر چکی ہے جن میں چارجنگ کی ضرورت نہیں مگر اتنے فیچرز اس میں پہلے نہیں دیکھے کیونکہ میٹرکس پاور واچ میں صرف قدموں کی ٹریکنگ اور وقت ہی دیکھا جاسکتا تھا۔

مگر اب نئی سمارٹ واچ میں سولر چارجنگ کا اضافہ کیا گیا جبکہ تھرمو الیکٹرک ٹیکنالوجی کے باعث یہ گھڑی مختلف فٹنس ٹریکرز کو چیلنج دینے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔ اس گھڑی میں 1.2 انچ ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ ریفلیکٹو سولر رنگ بھی واچ ڈسپلے میں موجود ہے۔ یہ سمارٹ واچ ایپل ہیلتھ کٹ اور گوگل فٹ پر کام کرسکتی ہے جبکہ تھرڈ پارٹی فٹنس ایپس سے بھی اسے کنکٹ کیا جاسکتا ہے۔