تیز ترین موبائل انٹرنیٹ لانے میں ٹیلی کام سیکٹر کا کردار بڑا اہم ہے، خالد مقبول

Last Updated On 31 January,2019 10:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹٰیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ملک میں تیز ترین موبائل انٹرنیٹ لانے میں ٹیلی کام سیکٹر کا کردار بڑا اہم ہے، موبائل انٹرنیٹ کی بدولت ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ گزشتہ دس سال میں آئی ٹی اور ٹٰیلی کام سیکٹر نے بڑی تیزی سے ترقی کی ہے۔ پاکستان کو ڈیجیٹل صدی کی طرف لے جانے میں موبائل کمپنیوں کا بڑا اہم رول ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹٰیکنالوجی کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کی بھرپورحوصلہ افزائی کی جائے گی۔

اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی کمپنیوں کے مشترکہ منصوبوں سے پاکستانی عوام کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔