لاہور: (روزنامہ دنیا) جنوبی کورین کمپنی ایل جی نے اپنا پہلا ایسا سمارٹ فون متعارف کرادیا ہے جس کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ وہ ٹچ سکرین کی ضرورت ختم کر دے گا۔
بارسلونا میں جاری موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر ایل جی نے اپنا نیا فلیگ شپ فون ایل جی جی 8 تھن کیو متعارف کرایا۔ کمپنی کے مطابق فون کا آئی آر سنسر خون میں موجود ہیموگلوبن کی معلومات اکھٹی کرتا ہے اور ہاتھ کے اندر موجود رگوں کی ایک منفرد تصویر بنا لیتا ہے اور جب صارف اپنا ہاتھ کیمرے کے اوپر سے گزارتا ہے تو سکرین کو چھوئے بغیر فون کو ان لاک کرنا ممکن ہو جاتا ہے۔
ہینڈ آئی ڈی سے ایک اور فیچر ائیرموشن بھی بنتا ہے جس میں فون کا فرنٹ کیمرا ہاتھ کی حرکات کو ٹریک اور پڑھ کر فون ٹچ کئے بغیر استعمال کرنے میں مدد دیتا ہے۔ کمپنی کا خیال ہے کہ یہ فیچر کام کر گیا تو مستقبل میں ایسے فونز تیار ہوں گے جن کی سکرین کو چھوئے بغیر ہی کچھ دور سے صارف اپنی پسند کی ایپس استعمال کر سکے گا یا اپنے کام کر سکے گا۔