زیبرا کے جسم پر سیاہ و سفید دھاریاں حشرات سے بچاتی ہیں، نئی تحقیق

Last Updated On 01 March,2019 02:16 pm

سان فرانسسکو: (روزنامہ دنیا ) ماہرین نے زیبرا کے جسم پر سیاہ و سفید دھاریوں کا سینکڑوں سالہ پرانا معمہ حل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان دھاریوں کا مقصد زیبرا کو مکھیوں اور حشرات سے محفوظ رکھنا ہے جو کاٹنے کی صورت میں زیبرا کو بیمار کر سکتی ہیں۔

150 برس قبل ممتاز ماہرِ حیاتیات ایلفرڈ رسل ویلس اور چارلس ڈارون نے بھی اس معمے پر غور کیا تھا تاہم اس کا تسلی بخش جواب اب سامنے آیا ہے۔ قبل ازیں زیبرا کی پٹیوں کے چار مفروضات پیش کئے جاتے رہے تھے کہ زیبرا ان دھاریوں سے بڑے جانوروں کے حملے سے بچے رہتے ہیں، ان دھاریوں کی سماجی حیثیت اور فائدہ ہے، زیبرے پر سیاہ وسفید رنگ ان کے بدن کو گرمی کی شدت میں ٹھنڈا رکھتا ہے اور ان دھاریوں سے وہ کیڑے مکوڑوں کے حملے سے محفوظ رہتے ہیں۔

امریکی سائنس داں مارٹِن ہاؤ نے تحقیق کے بعد بتایا ہے کہ زیبرا کی دھاریاں انہیں بیمار کر دینے والے حشرات کے حملے سے محفوظ رکھتی ہیں۔ بالخصوص افریقی علاقوں میں طرح طرح کے حشرات الارض جانوروں کو کاٹ کر بیمار یا ہلاک کر دیتے ہیں، یہ تبدیلی لاکھوں برس میں پیدا ہوئی اور زیبرے کی دورنگی دھاریاں ایک سے دوسری نسل تک منتقل ہوتی رہیں۔