ایک گھنٹے کی ورزش، جوڑوں کے درد اور معذوری سے بچاتی ہے

Last Updated On 10 April,2019 03:49 pm

واشنگٹن(نیٹ نیوز) اگر آپ کے معمول میں مسلسل بیٹھے رہنا شامل ہے تو اس سے جوڑوں کا درد، کم عملی اور دیگر جان لیوا امراض بھی لاحق ہو سکتے ہیں۔ اس کے تدارک کیلئے ضروری ہے کہ آپ ہر ہفتے کم ازکم ایک گھنٹے کی سخت یا درمیانی شدت کی ورزش کریں جن میں دوڑنا، تیز قدموں سے چلنا اور دیگر سرگرمیاں شامل ہیں۔

ایک نئے مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ ہفتے میں ایک گھنٹے کی جسمانی ورزش جوڑوں کے درد اور دیگر ایسی کیفیات کو دور کرتی ہے جو آگے چل کر معذوری یا محتاجی کو جنم دیتے ہیں۔

یہ تحقیق امریکی جرنل آف پری وینٹوو میڈیسن میں شائع ہوئی ہے۔ اس میں ایسے لوگوں کو شامل کیا گیا جو گھٹنے کے درد اور گنٹھیا کے قریب پہنچ چکے تھے۔ سروے میں شامل مریضوں سے ہر سال ان سے ورزش اور دیگر معمولات کے بارے میں پوچھا گیا۔

ان میں سے جن مریضوں نے ہفتے میں 50 منٹ سے ایک گھنٹے کی سخت یا درمیانے درجے کی ورزش کی ان میں ورزش نہ کرنے والوں کے مقابلے میں چلنے سے معذوری کا خطرہ 86 فیصد تک کم ہو چکا تھا۔