دیوار بنا کر سیلاب سے بچانے والا مزدور روبوٹ

Last Updated On 10 April,2019 03:44 pm

نیویارک: (روزنامہ دنیا) روبوٹ بنانیوالے سائنسدانوں نے ایک ایسا معمار روبوٹ بنایا ہے جو ازخود کسی بھی نرم جگہ یا ساحلی ریت پر ایسے دھاتی بلاک کی دیواریں بناتا ہے جس سے بلاکس ایک دوسرے سے جڑ جاتے ہیں اور یوں دیکھتے دیکھتے ہی ایک مضبوط دیوار قائم ہو جاتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایسے بہت سے روبوٹ مل کر انسانی مداخلت کے بغیر سیلابی پشتے، حفاظتی دیواریں اور زمین کو کٹاؤ سے بچانے والی رکاوٹیں بناسکتے ہیں علاوہ ازیں یہ پانی کے ذخائر کی فوری تعمیر میں بھی مددگار ہوسکتے ہیں۔ ابھی یہ روبوٹ آزمائشی مرحلے میں ہے۔

اس روبوٹ کو ہارورڈ یونیورسٹی کے وائس انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین نے بنایا ہے جو انسانی مداخلت کے بغیر ازخود کام کرتا ہے۔ روایتی طریقوں کے بجائے یہ روبوٹ اپنے وزن کی تکنیک استعمال کرتے ہوئے بھاری دھاتی شیٹوں کو مٹی میں دھنساتا ہے۔اس مزدور روبوٹ کی مہارت یہ ہے کہ ارتعاش سے دھاتی پلیٹیں اندر ہی اندر دھنستی چلی جاتی ہیں چاہے ان کی اونچائی روبوٹ سے زیادہ ہی کیوں نہ ہو۔

ماہرین کے مطابق اگلے مرحلے میں ایسے بہت سے روبوٹ مزدور بنائے جانے ہیں جو ایسی پیچیدہ تعمیرات کی تیاری میں بھی مددگار ثابت ہو سکتے ہیں جن میں انسان کی جان کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ جیسے بہت اونچی عمارتوں کی تعمیر کے دوران مزدوروں کو بہت سے کام اپنی جان جوکھم میں ڈال کر سر انجام دینے پڑتے ہیںِ، وہاں یہ روبوٹس کم وقت میں زیادہ معیاری کام نمٹا سکتے ہیں۔