پاکستان میں پائی جانیوالی شاخ گوبھی دماغ کی محافظ ، نئی تحقیق

Last Updated On 12 May,2019 10:24 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ شاخ گوبھی دماغ میں پائے جانے والے حساس کیمیکل کے پورے نظام کو متوازن رکھتے ہوئے کئی اقسام کے امراض کو روکتی ہے امراض میں شیزوفرینیا اور دیگر دماغی بیماریاں شامل ہیں۔ شاخ گوبھی اب پاکستان میں بھی دستیاب ہے جس میں ایک کیمیکل سلفورافین موجود ہوتا ہے جو دماغ کو قوت دیتا ہے اور کیمیائی اجزا کو منظم رکھتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جان ہاپکنز یونیورسٹی اور دیگر ماہرین نے سروے میں یہ انکشاف کیا۔ پروفیسر آکیرا ساوا کہتے ہیں کہ سلفورافین ایسے لوگوں کے لیے بہترین سپلیمنٹ ثابت ہوسکتا ہے جو شیزوفرینیا کے دھانے پر ہیں یا میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ شاخ گوبھی کا یہ اہم جزو انہیں اس ہولناک مرض سے محفوظ رکھتا ہے۔ شیزوفرینیا کے مریض، وہم، دھوکے، پریشان خیالی، عجیب رویے اور ازخود باتیں کرنے جیسے امراض کے شکار ہوتے ہیں۔

رپورٹ میں شیزوفرینیا کے 81 مریض اور 91 صحت مند افراد کو شامل کیا۔ شامل کیےگئے افراد کی اوسط عمر 22 سال تھی اور ان میں 58 فیصد مرد تھے۔ مریضوں کے دماغ کا معائنہ کرتے ہوئے مقناطیس اور میگنیٹک ریزوننس اسپیکٹروسکوپی کی جدید مشینوں کو بھی استعمال کیا گیا۔

شیزوفرینیا کے مریضوں کے دماغ میں ایک مضر کیمیکل’ گلوٹامیٹ‘ دیگر کے تناسب سے 4 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔ یہ کیمیکل دماغی نیورون کے درمیان سگنل بھیجنے اور وصول کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ مریضوں میں ایک کیمیکل گلوٹاتھائیون بھی کم ہوجاتا ہے۔