شدید ذہنی تناؤ کے مریض نہایت تخلیقی ثابت ہوتے ہیں

Last Updated On 30 May,2019 03:55 pm

نیویارک: (روزنامہ دنیا) ڈپریشن یعنی ذہنی تناؤ ہماری زندگی میں ایک عام مرض بن چکا ہے لیکن اس کا مریض ہونے کا ایک فائدہ جان کر آپ نہایت حیران ہوجائیں گے۔

امریکہ میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق وہ افراد جو شدید ڈپریشن کا شکار ہوتے ہیں وہ نہایت تخلیقی ثابت ہوتے ہیں اور زندگی میں ان کی کامیابی کا امکان بہت زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق میں ہالی ووڈ کے کئی معروف فنکاروں کی مثال دی گئی جو زندگی میں کبھی شدید ڈپریشن کے مریض رہے، بعض نے خودکشی کی کوشش بھی کی لیکن اس کے ساتھ ہی ان کی پیشہ وارانہ زندگی کو کامیاب ترین سمجھا جاتا ہے۔

ہالی ووڈ کی لیڈی گاگا اور ڈیوائن جانسن سمیت متعدد فنکاروں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ ڈپریشن کا شکار رہے جبکہ سابق امریکی صدر ابراہام لنکن کی کتاب ہمیں بتاتی ہے کہ ان کی ساری زندگی ڈپریشن میں گزری۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے دماغ میں موجود وہ جین جو ڈپریشن کا سبب بنتا ہے وہی ہے جو انسان کو کامیاب ہونے کی طرف راغب کرتا ہے۔ تحقیق میں یہ بھی کہا گیا کہ عملی زندگی میں کامیاب افراد میں سے 25 فیصد کسی نہ کسی دماغی مرض کا شکار ہوسکتے ہیں۔ بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈپریشن عام زندگی کیلئے فائدہ مند نہیں۔