سام سنگ فولڈ ایبل فونز کی پہلی تصویر لیک ہو گئی

Last Updated On 19 December,2019 08:15 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سام سنگ کمپنی موبائل انڈسٹری میں ایک بڑا نام ہے، یہ کمپنی اپنے صارف کے لیے نت نئے موبائل متعارف کراتی رہتی ہے، کمپنی کی طرف سے سام سنگ گلیکسی فون متعارف کرایا گیا جو فولڈ دیکھنے میں تو اچھا تھا مگر استعمال میں اتنا بہتر ثابت نہیں ہوا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق کمپنی اب اپنے نئے فولڈ ایبل فون کو متعارف کرانے والی ہے مگر اب کی بار اس کا ڈیزائن بالکل مختلف ہو گا اور موٹرولا ریزر سے ملتا جلتا ہوگا۔ اکتوبر میں سام سنگ نے فولڈ ایبل فونز کی جھلک سالانہ کانفرنس کے دوران پیش کی تھی اور پہلی بار تصاویر لیک ہو کر سامنے آگئی ہیں۔

تصاویر میں اس کا ڈیزائن ویسا ہی ہے جیسا سام سنگ کے پیش کردہ خاکے میں دکھایا گیا تھا جس میں پنچ ہول ڈیزائن میں سیلفی کیمرا دیا گیا ہے جبکہ اطراف میں بیزل موجود ہیں مگر نیچے موٹرولا ریزر سے کچھ مختلف ہے۔

جب فون کو بند کیا جاتا ہے تو اس کے سامنے والے حصے میں ایک چھوٹا ڈسپلے نظر آتا ہے جس میں تاریخ اور نوٹیفکیشن دیکھے جاسکتے ہیں جبکہ ایل ای ڈی فلیش اور ڈوئل کیمرا سیٹ اپ موجود ہے۔

فون کی بیک گلاس سے بنی لگتی ہے جو کہ گلیکسی فولڈ کی طرح ہی ہے بس حجم میں چھوتی ہے۔ دائیں جانب والیوم اور پاور بٹن دیکھے جاسکتے ہیں جبکہ لاﺅڈ اسپیکر اور ٹائپ سی پورٹ کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

مختلف رپورٹس کے مطابق یہ سام سنگ کا سستا ترین فولڈ ایبل فون ہوگا جس کی قیمت 1 ہزار ڈالرز کے قریب ہوگی اور یہ گلیکسی ایس 11 کے ساتھ 18 فروری کو متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

اس کے علاوہ اس فون میں بھی 108 میگا پکسل کیمرا دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ دوسرا کیمرا 5 ایکس آپٹیکل زوم کے فیچر سے لیس ہوگا مگر یقین سے کچھ کہنا مشکل ہے۔