اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستانی نژاد امریکی سائنسدان ڈاکٹر نرگس ماولوالا میساچیوسیٹس یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) کے سکول آف سائنس کی ڈین مقرر ہو گئی ہیں۔
یکم ستمبر سے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے والی ماہر فلکی طبعیات نرگس ماولوالا سکول آف سائنس کی پہلی خاتون ڈین ہوں گی۔ لاہور میں پیدا اور کراچی میں پلی بڑھیں، نرگس ماولوالا 2015ء سے ایم آئی ٹی میں شعبہ فزکس کی ایسوسی ایٹ ہیڈ ہیں۔ انہوں نے خلا میں کشش ثقل کی لہروں کی موجودگی سے متعلق آئن سٹائن کا نظریہ درست ثابت کیا تھا۔
نرگس ماولوالا کو بچپن ہی سے میکینکس میں دلچسپی تھی جبکہ کم عمری ہی میں ہی انھیں علم ریاضی اور فزکس سیکھنے کا شوق پیدا ہو گیا۔ ماولوالا کو تعلیم اور تحقیق کے شعبے میں گراں قدر خدمات کے صلے میں درجنوں اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔ 2010ء میں مک آرتھر فیلوشپ جبکہ 2014ء میں انھیں سائنٹسٹ آف دی ایئر قرار دیا گیا۔
اس کے علاوہ 2015ء میں فزکس میں اہم پیشرفت پر ایوارڈ، نیشنل اکیڈمی آف سائنس کے لیے منتخب ہونے کا اعزاز، اور آئی ٹی یو پاکستان کی جانب سے لاہور ٹیکنالوجی ایورڈ بھی شامل ہے۔
نرگس ماولوالا نے اپنی تعیناتی کے بعد جاری بیان میں کہا ہے کہ ایم آئی ٹی دنیا میں جدید ترین سائنس کے لیے اہم جگہوں میں سے ہے اور یہ رتبہ برقرار رہے گا۔ ساتھ ساتھ ہمیں تنوع، نسلی اور سماجی مساوات کے لیے کوشش کرنی ہے۔