بیجنگ: (روزنامہ دنیا) چین میں سپورٹس فیسٹیول کے موقع پر بیڈمنٹن روبوٹ متعارف کروا دیا گیا ہے جس کو کھلاڑیوں کے علاوہ شائقین نے بھی کافی پسند کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹیکنالوجی کے موجودہ دور میں روبوٹس کا استعمال کئی شعبوں میں عام ہوتا جا رہا ہے، روبوٹس نے گاڑیاں بنانے سے لے کر صنعتوں کے بیشتر کام روبوٹس نے سنبھالے ہوئے ہیں۔ جاپان میں تو گھروں میں کتے، بلیوں سمیت پالتو جانوروں کی جگہ روبوٹس نظر آتے ہیں۔
دوسری جانب اب روبوٹس نے کھیلوں کی دنیا میں بھی انٹری دے دی ہے اور اب روبوٹ بیڈمنٹن کھیلتے دکھائی دیں گے۔ چین کے صوبے گوانگ ژی کے شہرناننگ کے سپورٹس پارک میں سپورٹس فیسٹیول کے موقع پر بیڈمنٹن روبوٹ متعارف کروا دیا گیا ہے جو نا صرف بیڈمنٹن کھیلنے میں ماہر ہیں بلکہ حریف کھلاڑیوں کے ساتھ بھرپور مقابلہ بھی کرتا ہے۔ نوجوان کھلاڑی اپنے اس مشینی حریف کے ساتھ کھیل کر خوش دکھائی دے رہے ہیں۔
کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ یہ روبوٹ پریکٹس کرنے کیلئے بہت فائدہ مند ہیں کیونکہ ایک تو یہ تھکتے نہیں، دوسرا ان کو جب مرضی اپنے ساتھ کھیلنے کیلئے تیار کر لیں، یہ آپ کو انکار نہیں کریں گے۔
جدید ٹیکنالوجی کی بدولت یہ چینی روبوٹ بیڈمنٹن کھیلنے کے ساتھ ساتھ اپنی مہارت میں بھی اضافہ کرتے رہتے ہیں جس کے سبب کھلاڑیوں کو نئے نئے گر سیکھنے میں ان روبوٹس سے خاصی مدد مل جاتی ہے اور وہ حقیقی مقابلوں میں مشکل سے مشکل حریف کو شکست دینے کے اہل ہو جاتے ہیں۔