پاک چین اشتراک سے قائم ہونے والا ‘’ہائبرڈ رائس ریسرچ سنٹر’’ جلد کام شروع کردیگا

Published On 23 August,2020 05:39 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) چائنا ایسوسی ایشن آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی رپورٹ کے مطابق پاک چین اشتراک سے قائم ہونے والا ‘’ہائبرڈ رائس ریسرچ سنٹر’’ رواں سال کے آخر تک کام شروع کر دے گا، اس سے چاول کی پیداوار اور برآمدات کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔

مشترکہ تحقیقاتی مرکز سے چاول کی مقامی پیداوار میں نمایاں اضافہ سے اندرون ملک غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔

چائنا ایسوسی ایشن آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی رپورٹ کے مطابق پنجاب یونیورسٹی لاہور اور چین کی ہووہان یونیورسٹی کے باہمی اشتراک سے ہائبرڈ رائس ریسرچ سنٹر قائم کیا جا رہا ہے جو رواں سال کے آخر تک باقاعدہ کام کا آغاز کر دے گا جس سے پاکستان میں غذائی تحفظ کے ساتھ ساتھ برآمدات کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔

رپورٹ کے مطابق ووہان یونیورسٹی کے چاول کی اقسام کے بارے میں عالمی تعاون منصوبہ کے سربراہ انجینئر ژو شان نے کہا ہے کہ چاول کی نئی تیار کی جانے والی بعض اقسام مخصوص ماحول اور علاقوں میں بہتر نتائج دیتی ہیں تاہم چین کا تیار کردہ ہنگولین ہائبرڈ چاول کے بیج کی کاشت سے پاکستان میں چاول کی فی ہیکٹر پیداوار 7500 کلو تک بڑھ جائے گی جو دیگر اقسام کے مقابلہ میں تین گنا زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین میں جدید تحقیق کے بعد تیار کئے جانے والے چاول کے ہائبرڈ بیجوں سے نہ صرف چین میں فی ایکڑ پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے بلکہ پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی پیداوار میں بھر پور اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہنگولین ہائبرڈ چاول پاکستان کے موسمی حالات کے موافق ہے کیونکہ شدید گرمی اور پانی کے استعمال کے حوالہ سے بھی اس کے نتائج شاندار رہے ہیں اور اس کی فی ایکٹر پیداوار دیگر ہائبرڈ بیجوں سے کہیں بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگولین ہائبرڈ رائس کا بیج دیگر اقسام کے مقابلہ میں سستا ہونے کی وجہ سے پیداواری اخراجات میں کمی اور منافع میں اضافہ کا سبب بن سکتا ہے۔