اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پوسٹ نے ملک بھر میں 1500 الیکٹرانک فرنچائزڈ ڈاکخانے شروع کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
اس منصوبہ کے تحت 11 شہروں میں الیکٹرانک فرنچائزڈ ڈاکخانے بنائے جائیں گے جو نادرا اور یوٹیلیٹی سٹورز کے ساتھ منسلک کئے جائیں گے۔
یہ ڈاکخانے پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت قائم کئے جائیں گے۔ اس سلسلے میں کراچی 300، لاہور 200، راولپنڈی 150 جبکہ اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، پشاور اور مردان میں 100، 100 الیکٹرانک فرنچائزڈ ڈاکخانے قائم کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔
اس مقصد کیلئے نادرا اور یوٹیلیٹی سٹورز کے ساتھ معاہدہ کیا جائے گا۔ نادرا ای سہولت اور یوٹیلیٹی سٹورز سے اشیا کی بکنگ الیکٹرانک فرنچائزڈ ڈاکخانے کے ذریعے کی جائے گی جبکہ منی آرڈر پوسٹ، خط اور یو ایم ایس سمیت دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔