فیس بک کا کلاسیک ڈیزائن قصہ پارینہ بن جائے گا، نئی تبدیلی کیلئے تیار ہوجائیں

Published On 24 August,2020 06:24 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) سماجی رابطوں کی سب سے مشہور ویب سائٹ فیس بک کا کلاسیک ڈیزائن اب قصہ پارینہ بن جائے گا کیونکہ اس کی جگہ بہت جلد نیا ڈیزائن لے لیگا۔

فیس بک کے نئے ڈیزائن کو مئی 2020ء میں متعارف کرایا گیا تھا لیکن اس وقت یہ ان پر منصحر تھا کہ وہ نئے انداز کو اپناتے ہیں یا پرانے ڈیزائن کو برقرار رکھتے ہیں۔ تاہم اب کمپنی نے عندیہ دیا ہے کہ ستمبر میں فیس بک کا کلاسیک ڈیزائن یعنی بلیو تھیم ہمیشہ کے لیے ختم کیا جا رہا ہے۔

اس ڈیزائن کی آزمائش رواں سال کے شروع میں صارفین کی محدود تعداد پر بھی کی گئی تھی اور مئی میں اسے متعارف کرادیا گیا تھا۔

فیس بک موبائل ایپ کی طرح ڈیسک ٹاپ ویب سائٹ بھی اب پہلے سے زیادہ تیزی سے لوڈ ہوگی جبکہ نئے ڈیزائن میں ایونٹس، پیجز، گروپس اور اشتہارات تیار کرنا بھی آسان بنایا گیا ہے۔

یہ نیا ڈیزائن موبائل ایپ سے بہت زیادہ ملتا جلتا ہے اور کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی مدد سے فیچرز جیسے ویڈیوز، گیمز اور گروپس کو تلاش کرنا آسان ہوگا، جبکہ کلاسیک بلیو کی جگہ اب ویب سائٹ پر سفید رنگ ہی نظر آئے گا۔