جاپان میں‌ گٹروں پر ہائی ٹیکنالوجی ایل ای ڈی ڈسپلے والے ڈھکن

Published On 25 August,2020 12:27 pm

ٹوکیو: (روزنامہ دنیا) جاپان کے شہر ٹوکوروزاوا کی بلدیہ نے شہر میں تجرباتی طور پر گٹروں پر ہائی ٹیکنالوجی ڈھکن لگائے ہیں جن پر ایل ای ڈی ڈسپلے میں مختلف کامک اور کارٹون کردار دیکھے جاسکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹوکیو کے شمال میں واقع اس شہر میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے یہ اختراع کی گئی ہے۔ تجرباتی طور پر کل 27 گٹروں پر ایل ای ڈی ڈسپلے نصب ہیں جن پر بعض ڈیزائن تیزی سے رنگ بدلتے نظر آتے ہیں۔

شام کو 5 بجتے ہی یہ ڈھکنے ازخود روشن اور رات کودو بجے بند ہوجاتے ہیں۔ پہلا ڈھکن یکم اگست کو لگایا گیا تھا لیکن جاپان میں مین ہول کے ڈھکنوں کو سجانے کا رواج 1980 سے جاری ہے۔

جاپان میں دیومالائی کرداروں پر لوگ یقین رکھتے ہیں اسی لئے کامک کردار اور ہیرو یہاں بہت مقبول ہیں۔ ٹوکوروزاوا، جاپان کا پہلا شہر ہے جہاں یہ ایل ای ڈی ڈھکن لگائے گئے ہیں، لوگ چلتے پھرتے ان ڈھکنوں پر رنگ بدلتے مناظر سے خوب لطف اندوز ہوتے ہیں۔