گوجرانوالہ کے شہریوں کی سہولت کے لئے ‘’راستہ ایپ’’ متعارف

Published On 14 September,2020 06:46 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ سٹی ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لئے ‘’راستہ ایپ’’ متعارف کرا دی جبکہ ٹریفک کے بہاؤ کو چیک کرنے کے لئے سی ٹی او دفتر میں کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

تفصیل کے مطابق گوجرانوالہ میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیش نظر سٹی ٹریفک پولیس نے ایک ایپ متعارف کروا دی ہے۔ اس ایپ میں پورے شہر کا نقشہ موجود ہے جس کے ذریعے ٹریفک کی تمام معلومات حاصل کی جا سکتی ہے۔

شہر میں جگہ جگہ ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ‘’راستہ ایپ’’ کے ذریعے وہ شہر میں ٹریفک کی صورتحال کا جائزہ لے کر منزل کی طرف بآسانی جا سکیں گے۔ ایپ کے ذریعے کنٹرول روم سے شہری ڈرائیونگ لائسنس سمیت ہر طرح کی معلومات بھی حاصل کر سکیں گے۔