چینی کمپنی ہواوے کا سمارٹ فونز کو اپنے سسٹم پر منتقل کرنے کا فیصلہ

Published On 10 September,2020 09:54 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی کمپنی ہواوے نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2021ء میں سمارٹ فونز کو اپنے سسٹم پر منتقل کر دے گا۔

ہواوے کی جانب سے پیشکش کی گئی ہے کہ دوسری کمپنیاں بھی اس سافٹ وئیر کو متبادل کے طور پر استعمال کر سکتی ہیں۔ خیال رہے کہ ہواوے اس وقت دنیا کی دوسری سب سے بڑی موبائل فون بنانے والی کمپنی ہے۔

گزشتہ ماہ ہواوے دنیا بھر میں سب سے زیادہ موبائل فونز فروخت کرنے والی کمپنی بن گئی تھی تاہم یہ تسلسل زیادہ دیر تک برقرار نہیں رہ سکا۔ عالمی سطح پر ٹیکنالوجی کی مصنوعات پر گہری نظر رکھنے والے ادارے انڈسٹری ٹریکٹر کے مطابق ہواوے نے دوسری سہ ماہی کے دوران دنیا بھر میں پانچ کروڑ 80 لاکھ ڈیوائسز فروخت کیں جبکہ سام سانگ نے پانچ کروڑ 37 لاکھ یونٹ فروخت کیے۔

رپورٹ کے مطابق صرف چین میں ہواوے کے 70 فیصد سمارٹ فونز فروخت ہوئے جبکہ اس کے مقابلے میں سام سانگ کا چین کی مارکیٹ میں شیئر بہت کم رہا۔

ذہن میں رہے کہ ہواوے دنیا بھر میں ٹیلی کام نیٹ ورکنگ کی مصنوعات بنانے والی بڑے کمپنی ہے جو ان دنوں امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی کی زد میں ہے۔

امریکا ہواوے کو سائبر سیکیورٹی کا بڑا خطرہ سمجھتا ہے۔ اس سلسلے میں امریکا نے اپنی مارکیٹ میں ہواوے کو کاروبار سے روک دیا ہے۔ ہواوے کی ایگزیکٹو مینگ وازہو کینیڈا میں دھوکا دہی کے مقدمے کا سامنا کر رہی ہیں اور ان دنوں نظر بند ہیں جبکہ امریکا نے کینیڈا سے ان کی حوالگی کا مطالبہ بھی کر رکھا ہے۔