1.5 وولٹ بجلی سے سخت جان جراثیم کا خاتمہ ممکن ہوگیا

Published On 07 September,2020 01:50 pm

نیویارک: (روزنامہ دنیا) بیکٹیریا کو ہلاک کرنے کے نت نئے طریقوں کی تلاش میں لگے ہوئے ماہرین نے نئی تکنیک دریافت کر لی ہے جس کے استعمال سے بیکٹیریا تلف کر دیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اگر صرف 1.5 وولٹ بجلی صرف آدھے گھنٹے تک جراثیم والے محلول میں سے گزاری جائے تو وہ اِن جرثوموں کو پھاڑ ڈالتی ہے اور سخت جان سے سخت جان جراثیم کو بھی موت کے گھاٹ اُتار دیتی ہے۔

یہ عام سی حقیقت ہے کہ اگر کسی جاندار کے جسم میں سے بجلی گزر جائے تو اس کی موت واقع ہوسکتی ہے، اسی تھیوری کو لے کر سائنسدانوں نے بیکٹیریا کو مارنے کیلئے تجربات کئے جس کے انتہائی حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے ہیں۔

تجربے کیلئے سائنسدانوں نے بجلی کے مختلف وولٹیج آزمائے، ایک لمحے پر 1.5 وولٹ کو بھی آزمایا گیا تو ابتدائی طور پر مثبت رزلٹ سامنے آیا، ماہرین نے یہ عمل آدھے گھنٹے تک آزمایا تو انتہائی حیرت انگیز طور پر جراثیموں کی خلوی جھلیاں پھٹ گئیں اور ان میں موجود خلوی مواد بکھر گیا، حتی کہ یونہی جراثیم ٹکڑے ٹکڑے ہو کر موت کے گھاٹ اترنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

یہ بات قابل غور ہے کہ بجلی کی یہ وولٹیج انسانوں کو نقصان نہیں پہنچاتی تاہم جراثیم مارنے کا کام ایسی خوبی سے سرانجام دیا ہے کہ ان جراثیموں کو مارنا ماہرین کیلئے مسئلہ لا یخل بنا ہوا تھا۔