اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے خواتین کے لیے تھری ویلر گاڑیاں کاریں متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جلد ہی اس پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔
نجی ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ بہت جلد اسلام آباد میں برقی کاریں چلنے لگیں گی۔ اس کے علاوہ جلد کی خواتین کی سہولت کیلئے تھری ویلر گاڑیاں بھی متعارف کرائی جائیں گی۔
خیال رہے کہ مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے ایک مرتبہ ایک بیان میں کہا تھا کہ وفاقی حکومت برقی گاڑیوں کو پہلے سے موجود کار سازی کی صنعت کی قیمت پر فروغ نہیں دینا چاہتی بلکہ الیکٹرک وہیکل کی علیحدہ مارکیٹ تخلیق کرنا چاہتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے پہل ٹو وہیلر، تھری ویلر اور آہستہ چلنے والی گاڑیوں کو متعارف کرایا جائے گا۔ ای وی پالیسی کو تمام شراکت داروں کی مشاورت سے مرتب کریں گے۔ الیکٹرک وہیکل پالیسی گرین اکانومی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی جس سے لاکھوں گرین جابز پیدا ہوں گی۔
نجی ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسی جدت سے قومیں ترقی کرتی ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ خصوصی افراد کیلئے نئی ٹیکنالوجی متعارف کرا رہے ہیں۔