چینی کمپنی ہواوے 1000 پاکستانی سرکاری ملازمین کو آئی ٹی کے شعبے میں تربیت دیگی

Published On 08 September,2020 11:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چینی کمپنی ہواوے کی جانب سے آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی یقین دہانی، ایک ہزار پاکستانی سرکاری ملازمین کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تربیت بھی دی جائے گی۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے نامور ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت گلوبل ایس وی پی ہواوے ٹیکنالوجی اور پریزیڈنٹ برائے مشرق وسطیٰ وایشیا ہوو تاؤ کر رہے تھے۔

وفد نے وزیراعظم کو بتایا کہ ہواوے حکومت کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے منصوبوں کے متعلق پرعزم ہے اور اس سلسلہ میں وفاقی حکومت کے ایک ہزار ملازمین کو تربیت فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ہواوے یونیورسٹی سطح کے طلبہ کو جدید آئی ٹی کی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لئے ٹریننگ میں بھی تعاون فراہم کرے گی۔

ہوو تاؤ نے کہا کہ ہواوے وزیراعظم پاکستان کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ہنرمند نوجوان افرادی قوت تیار کرنے کے ویژن کی حمایت کرتی ہے۔ ہواوے نے بین الاقوامی ماہرین کی مدد سے انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی وائیٹ پیپر تشکیل دینے کی پیشکش بھی کی۔ ہواوے پاکستان میں موبائل مینوفیکچرنگ کے حوالے سے فزیبلیٹی پر بھی کام کر رہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ڈیجیٹل پاکستان کے مقاصد کے حصول کے سلسلے میں ہوواوے کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کے آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری، ریونیو بڑھانے اور اقتصادی ترقی کے شاندار مواقع موجود ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے سرکاری امور کی شفافیت و تیز انجام دہی اور گڈ گورننس یقینی بنائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے ہواوے کے وفد کو پاکستان میں انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی پر مبنی طریقے متعارف کرانے کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہائی کرائی۔