منٹوں میں نئے کام کیلئے تیارہونے والا ’’گرگٹ ‘‘سیٹلائٹ

Published On 11 September,2020 01:19 pm

واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) اس وقت سینکڑوں نہیں ہزاروں سیٹلائٹ مختلف مداروں میں زیرِ گردش ہیں لیکن ان کا سرکٹ تبدیل نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی انہیں اپنی ڈگر سے ہٹا کر کوئی نیا کام لیا جاسکتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اب اگلے سال امریکی فضائیہ گرگٹ سیٹلائٹ مدار میں روانہ کرے گی جو گرگٹ کے رنگ بدلنے کی صلاحیت کی طرز پر اپنا کام بدل سکیں گے۔  اس سیٹلائٹ کا سافٹ ویئر کچھ اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اسے مدار میں رہتے ہوئے بھی اپ ڈیٹ کیا جاسکتا ہے اور ہارڈویئر سے مختلف کام لیا جا سکتا ہے۔

ایسا پہلی بار ممکن ہوا ہے اور اس سیٹلائٹ میں مصنوعی ذہانت کو بطور خاص استعمال کیا گیا ہے جو زمین سے ملنے والے احکامات کے نتیجے میں اپنا کام بدلنے پر قادر ہو سکیں گے۔

جدید سیٹلائٹ میں سافٹ ویئر کے علاوہ ہارڈ ویئر میں بھی تبدیلی کی جا سکے گی، اگر کہیں زلزلہ آیا ہے اور وہاں ہونے والی تباہی کا اندازہ لگانا ہے تو زمین سے سگنل موصول ہونے پر سیٹلائٹ سرکٹ تبدیل کر کے تصاویر لینے والا سیٹلائٹ بن جائے گا اور یوں سیٹلائٹ کا کام محض ایک سگنل سے بدل جائے گا۔
ان سیٹلائٹس کو آپس میں بھی جوڑا جائے گا اور یہ مل کر ایک نیٹ ورک بنائیں گے جو سکیورٹی سمیت دیگر مقاصد کیلئے زیادہ مؤثر طریقے سے کام سر انجام دے سکیں گے۔