کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکی کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ نئی ٹیکنالوجی کی مدد سے بہت جلد سستی اور طاقتور کاریں بنانے کے قابل ہو جائیں گے۔
ایلون مسک نے یہ اعلان ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کیلئے تیاریاں کی جا رہی ہیں اور امید ہے کہ اگلے تین سال کے عرصے میں ہماری کمپنی ایسی گاڑی تیار کرنے کے قابل ہو جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس گاڑی کی مالیت 25 ہزار ڈالر ہوگی۔ شہریوں کیلئے سستی گاڑی کی تیاری ہمارا خواب تھا جسے عمل جامہ پہنایا جائے گا۔
کہا جا رہا ہے کہ سستی الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری میں استعمال ہونے والی یہ نئی بیٹریاں زیادہ طاقت فراہم کریں گی اور اس سے ڈرائیونگ فاصلے میں 16 فیصد اضافہ ہوگا۔
بی بی سی میں چھپنے والی رپورٹ کے مطابق امریکی کمپنی ٹیسلا کے اس منصوبے کے تحت بیٹریوں کو کار کے اندر ہی لگا دیا جائے تاکہ یہ اس کے ڈھانچے کا حصہ ہوں لہذا اس سے بیٹریوں کے اضافی وزن سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے۔