موبائل فونز کی چارجنگ کیلئے دنیا کا سب سے چھوٹا پاور بینک

Published On 21 September,2020 09:01 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) یہ کارنامہ بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے دو انجینیئروں نے سرانجام دیا ہے۔ اس چھوٹے سے پاور بینک کی بدولت کسی بھی موبائل فون کو جلد ہی چارج کیا جا سکتا ہے۔

ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق موبائل فونز کو چارج کرنے والے اس پاور بینک کو ‘’ سن سلائس’’ کا نام دیا گیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے اس کی کارکردگی تیز رفتار اور موثر ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔

اس طرح کسی بجلی کے بغیر جب چاہیں اور جہاں چاہیں اسمارٹ فون کو چارج کرسکتے ہیں۔ بجلی سے دور رہنے والے مزدور، سیاح اور کیمپنگ کے شوقین ہر جگہ اپنا فون چارج کرسکتے ہیں اور سفر کے دوران بھی دنیا سےرابطے میں رہ سکتے ہیں۔

اس وقت دنیا میں ہر شخص اوسطاً کسی نہ کسی دستی فون یا آلے سے جڑا ہے اور فی زمانہ ایک اوسط شخص پاس ایک سے زائد آلات بھی ہیں۔ سولر چارجر بینک میں 2.4 ایمپیئر بیٹری نصب ہے۔ اس طرح اتنی جسامت میں اس سے زیادہ بہترین شمسی پاور بینک شاید کوئی اور نہ ہوگا۔ یہ سولر چارجر تہہ در تہہ کھل کر ایک پٹے کی صورت اختیار کرلیتا ہے جس کے اندر لچکدار سولر پینل کھلتے چلے جاتے ہیں۔


بیلجیئم کے انجینیئرز نے اپنی آزمائش میں بتایا کہ ان کی ایجاد کے بہترین نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں پانی سے حفاظت کیلئے بھی خصوصیات رکھی گئی ہیں۔ اس ڈیوائس کا وزن 220 گرام ہے۔