ہانگ کانگ: (روزنامہ دنیا) بہت جلد بھاری بھرکم ڈیسک ٹاپ پی سی کو آپ جیب میں رکھ کر گھوم پھرسکیں گے کیونکہ اس وقت مٹھی میں سمانے والا دنیا کا مختصر ترین پرسنل کمپیوٹر انٹرنیٹ فنڈنگ کے مراحل سے گزر رہا ہے جسے جی ایم کے نیوک باکس کا نام دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق آج کی تیزرفتار دنیا میں یہ کمپیوٹر جیب میں سما کر آپ کو مکمل ڈیسک ٹاپ پی سی کی سہولیات فراہم کرتا ہے، اس میں طاقتور پروسیسر نصب ہے جو اسے دنیا کا سب سے چھوٹا ڈیزائن بناتا ہے۔ اس کے علاوہ گنجائش کو 8 جی بی سے بڑھا کر 512 جی بی تک لے جایا جاسکتا ہے، اس کا آؤٹ پٹ فور کے کا ہے اور ان پٹ آؤٹ پٹ کیلئے معیاری پورٹس موجود ہیں۔
یہ ڈیوائس دیکھنے میں ایک چوکور ڈبیہ کی طرح ہے جو 2.4 انچ چوڑا اور لمبائی بھی اتنی ہی ہے، اس کو دستی بیگ میں رکھیں یا خواتین پرس میں حتی کہ جیب میں بھی آسانی سے سما سکتا ہے۔ اس میں 2.7 گیگا ہرٹز کا انٹیل سیلیرون سی پی یو ہے اور گرافکس کیلئے یو ایچ ڈی 600 کارڈ نصب ہے جو فور کے ریزولوشن ویڈیو دکھاتا ہے۔ اس کا گرافک کارڈ انتہائی حساس ہے اور پیچیدہ سے پیچیدہ گرافکس کو بھی فوری اور آسانی سے پروسیس کردیتا ہے جس سے انسان کو صاف شفاف اور بہترین رنگوں والی ویڈیو کوالٹی دستیاب ہو جاتی ہے اور فلم ہو یا کچھ اور دیکھنے کا مزہ آتا ہے۔
اس ننھے پی سی کو کسی بھی مانیٹر یا آوٹ پٹ پلیٹ فارم سے جوڑا جا سکتا ہے تاہم اس کے لئے مخصوص مانیٹر بھی مہیا کیا گیا ہے جو 14 انچ سکرین پر ہائی کوالٹی منظر دکھاتا ہے۔ اس میں دیگر کئی ایک سہولیات کے ساتھ ساتھ بلو ٹوتھ اور وائی فائی کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔