سڈنی: (روزنامہ دنیا) حال ہی میں ماہرین نے ایسی ڈیوائس تیار کی ہے جو نابینا افراد کی بینائی بحال کرسکتی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کی موناش یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک دہائی سے زائد عرصے تک کام کر کے اس ڈیوائس کو تیار کیا ہے جس میں سمارٹ فون سٹائل کے الیکٹرانکس اور دماغ میں نصب کرنے والی مائیکرو الیکٹروڈز کا امتزاج استعمال کیا گیا ہے۔
یہ نظام ابتدائی تحقیق میں بھیڑوں پر موثرثابت ہوا تھا اور اب محققین انسانوں پر پہلے ٹرائل کی تیاری کر رہے ہیں۔ یہ نئی ٹیکنالوجی بصری اعصاب کو پہنچنے والے اس نقصان کو بائی پاس کر جاتی ہے جس کو اندھے پن کا باعث قرار دیا جاتا ہے۔
اس ڈیوائس کا کام کرنے کا نظام اس طرح بنایا گیا ہے کہ ایک کیمرہ منظر کی تفصیلات اکٹھی کرتا ہے، اس ڈیٹا کو یہ ڈیوائس ترجمہ کر کے وژن پراسیس یونٹ اور کاسٹیوم سافٹ وئیر کے ذریعے وائر لیس سگنلز کے ذریعے دماغ میں پہنچا دیتا ہے جہاں نصب ٹائلز ڈیٹا کو برقی لہروں کے ذریعے دماغی نیورانز تک پہنچا دیتی ہیں۔
یوں دیکھنے سے محروم شخص کے دماغ میں اصل منظر کی شبیہ بن جاتی ہے، ماہرین کے مطابق یہ عمل دماغی امراض میں مبتلا مریضوں کیلئے بھی کارآمد ثابت ہونے کی توقع ہے۔