نیو یارک: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات سے قبل چین کے خلاف بڑا محاذ کھول دیا، امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو اپنے پلیٹ فارمز سے چینی ایپس ہٹانے کے احکامات جاری کر دیئے، امریکا میں مزید چینی ایپس ڈاؤن لوڈ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ٹک ٹاک نے پابندیوں کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکا میں انتخابات سے قبل چینی کمپنیوں پر ٹرمپ نے ایک اور وار کر دیا، امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو چینی ایپس ہٹانے کے احکامات جاری کر دیئے، ایپل اور گوگل کواپنے پلیٹ فارم سے چینی ایپس ہٹانے کا حکم دے دیا گیا۔
امریکی وزارت تجارت کی جانب سے جاری خصوصی احکامات کے مطابق ٹک ٹاک اور وی چیٹ جیسے چینی ایپس کے موجودہ امریکی صارفین استفادہ حاصل کر سکیں گے تاہم نئے اپڈیٹس انسٹال کرنے پر پابندی ہو گی۔
گوگل اور ایپل امریکا سے باہر چینی ایپس صارفین کو مہیا کرتے رہیں گے، جبکہ چین میں بھی امریکا کمپنیاں اپنا کاروبار جاری رکھیں گے، ٹک ٹاک کی امریکی کمپنیوں کے ساتھ طے شدہ ڈیل کو صدر ٹرمپ کی جانب سے منظوری مل گئی تو یہ پابندیاں ہٹادی جائیں گی۔