مسجد حرام جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ دنیا کا سب سے بڑا کُولنگ سسٹم

Published On 29 March,2021 09:06 pm

مکہ مکرمہ: (ویب ڈیسک) مسجد حرام میں دنیا کے سب سے جدید کُولنگ سٹیشنز قائم ہیں۔ ان کے ذریعے چوبیس گھنٹے زائرین کو گرمی سے بچاؤ کیلئے حرم مکی میں ہوا ٹھنڈی رکھنے کا انتظام کیا جاتا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ان میں سے اجیاد سٹیشن ہے 35300 ٹن ریفریجریشن پیدا کرتا ہے جبکہ دوسرے سٹیشن کی گنجائش 1.2 لاکھ ریفریجریشن ٹن ہے۔ یہ اس وقت حرم مکی کی تیسری سعودی توسیع اور نصف مسعیٰ کو ٹھنڈک فراہم کر رہا ہے۔ مستقبل میں یہ سٹیشن مسجد حرام کے تمام جانبی راستوں اور ملحقہ مقامات کو ٹھنڈا رکھے گا۔

جنرل پریذیڈنسی کی جانب سے رواں سال رمضان مبارک کے سیزن کی تیاریاں بڑھا دی گئی ہیں۔ اس دوران مسجد حرام میں ایئرکنڈیشننگ سسٹم کی روٹین کی دیکھ بھال اور جانچ کا سلسلہ جاری ہے

مسجد حرام کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے مرکزی اسٹیشنوں کے علاوہ کولنگ کے فاضل اسٹیشن بھی فراہم کیے ہیں۔ ان کا مقصد یہ ہے کہ کسی بھی مرکزی اسٹیشن میں تعطل آنے کی صورت میں درجہ حرارت کو کنٹرول کیا جا سکے اور مسجد حرام کے اندر صاف ہوا کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

مسجد حرام میں آپریشن اینڈ مینٹیننس کی انتظامیہ کے معاون ڈائریکٹر جنرل انجینئر مطلق المقاطی کے مطابق ایئرکنڈیشننگ رُوموں میں فلٹر کی صفائی روزانہ کی بنیاد پر پورے سال ہوتی ہے اور ضرورت پڑنے پر اسے تبدیل کر دیا جاتا ہے۔ اس کی صفائی اور دیکھ بھال کا کام اعلی اہلیت کے حامل انجینئرنگ اور ٹیکنیکل تربیت یافتہ اہل کار انجام دیتے ہیں۔

المقاطی کے مطابق ایئرکنڈیشننگ کے عمل کو فلٹر کی صفائی کے ذریعے جاری و ساری رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تعمیرات میں انجینئرنگ ڈیزائنوں کو تقریبا 344 یونٹوں کے ذریعے ٹھنڈا رکھا جاتا ہے۔ یہ یونٹ مسجد حرام میں دو مقامات پر تقسیم کیے گئے ہیں۔
 

Advertisement