ٹویٹرفوری طور پراعلیٰ عدلیہ کیخلاف ہتک آمیز مواد ہٹائے، پی ٹی اے کی ہدایت

Published On 12 April,2021 04:24 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کیخلاف توہین آمیز ٹویٹس اور ٹرینڈز کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ٹویٹر انتظامیہ اس طرح کا مواد یا ٹرینڈز آزادی اظہار کی تعریف کے زمرے میں نہیں آتے، لہٰذا اسے فوری طور پر ہٹایا جانا چاہیے۔

پی ٹی اے کی جانب سے ٹویٹر کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ اگر وہ قانونی کارروائی سے بچنا چاہتا ہے تو غیر قانونی اور نقصان دہ آن لائن مواد کو ہٹانے کیلئے قومی ادارے کی درخواستوں پر فوری اور موثر کارروائی عمل میں لائے۔

جاری نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو معاونت اور سہولت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے تاہم اس کیلئے بنیادی شرط یہی ہے کہ وہ ملکی قوانین پر عمل پیرا رہیں۔
 

Advertisement