لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی ایک کمپنی کی جانب سے مقامی سطح پر تیار کیے گئے موبائل فونز کی بھاری کھیپ برآمد کی گئی ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کی جانب جاری بیان میں بتایا گیا کہ ٹیلی کام کمپنی نے سیگو برانڈ کے ایک لاکھ 20 ہزار موبائل فونز افریقی مارکیٹ کیلئے متحدہ عرب امارات کو برآمد کیے ہیں۔
بدھ کو ’میڈ اِن پاکستان‘ موبائل فونز کی برآمد کے سلسلے میں پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کے اسلام آباد میں واقع ہیڈ کوارٹر میں ایک تقریب بھی منعقد ہوئی۔ اس موقع پر پی ٹی اے کے حکام نے پاکستان میں موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ ایکو سسٹم کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
پی ٹی اے نے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ ریگولیشن 2021 کے تحت 9 اپریل 2021 کو کمپنی کو موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ کا اجازت نامہ جاری کیا تھا۔ بعد ازاں 10 اگست کو پی ٹی اے نے ایک اور کمپنی کو سام سنگ موبائل ڈیوائسز کی مقامی سطح پر تیاری کی اجازت دی تھی۔
پی ٹی اے کے مطابق جنوری سے جولائی 2021 کے دوران پاکستان میں ایک کروڑ 22 لاکھ ستر ہزار (12.27ملین) موبائل فونز تیار کیے گئے جبکہ اسی عرصے میں درآمد شدہ موبائل فون کی تعداد 82 لاکھ 90 ہزار(8.29 ملین) ریکارڈ کی گئی۔