مائیکروسافٹ کا چیٹ جی پی ٹی کو سرچ انجن میں شامل کرنے کا فیصلہ

Published On 06 January,2023 07:05 pm

سین فرانسسکو: (ویب ڈیسک) مائیکروسافٹ نے تیزی سے مشہور ہوتی ہوئی مصنوعی ذہانت پر مبنی ایپلیکیشن چیٹ جی پی ٹی کو اپنے بنگ سرچ انجن میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

چیٹ جی پی ٹی کے مائیکروسافٹ سرچ انجن میں شامل ہونے سے مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) کے شعبے میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا سکے گا، چیٹ جی پی ٹی تیزی سے مقبول ہونے والی ایپلیکیشن ہے جو صارفین کو بڑی حد تک درست اور فوری معلومات سادہ انگریزی زبان میں ظاہر کرتی ہے۔

خیال رہے کہ مائیکروسافٹ اوپن اے آئی کا دیرینہ سرمایہ کار ہے جبکہ چیٹ جی پی ٹی، اوپن اے آئی کا ہی ایک منصوبہ ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مائیکروسافٹ اپنے بنگ سرچ انجن میں چیٹ جی پی ٹی شامل کر کے اسے طاقتور اور مقبول بنانے کا خواہاں ہے، یہ عمل بنگ کو ایک اچھے سرچ انجن میں تبدیل کر سکتا ہے۔