تیل جذب کرنے اور بیکٹیریا تلف کرنے والا ’سپر فوم‘ تیار

Published On 01 May,2023 01:37 pm

جارجیا: (ویب ڈیسک) ماہرین نے ایک ایسا فوم بنایا ہے جو ایک جانب تو ماحول سے آلودہ تیل جذب کرتا ہے تو دوسری جانب طبی آلات اور آپریشن کے دوران بیکٹیریا بھی جذب کر سکتا ہے۔

جارجیا یونیورسٹی کے ماہرین نے اسے ’سپرفوم‘ کا نام دیا ہے جسے ہتیش ہانڈا اور ان کے ساتھیوں نے بنایا ہے، یہ فون سہ ابعادی ہے اور پولی دائی میتھائل سائلوکسین) پی ڈی ایم ایس کے تانے بانے سے وضع کیا گیا ہے، اگلے مرحلے میں اس پر گرافین کے چھوٹے ذرات ڈالے گئے ہیں جبکہ تانبے کا برادہ رکھا گیا ہے جو جراثیم دور کرنے میں مشہور ہیں۔

اس نسخے سے بننے والا فوم ایک جانب تو تیل کو جذب کر سکتا ہے تو دوسری جانب بیکٹیریا کو مارنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

تجرباتی طور پر فوم کو تیل ملے پانی میں آزمایا گیا تو اس نے پانی کو بھگایا اور تیل کو جذب کرلیا، اسے اپنی ترکیب کی بنا پر بار بار استعمال کیا جا سکتا ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ فوم دیگر آلودہ مائعات یعنی کلوروفارم، ہائیڈوروکلورک ایسڈ اور دیگر مضر آلودگیوں کو جذب کرتا ہے، پھر تانبے کے نینو ذرات اسے مکمل طور پر جراثیم کُش بناتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ تانبے کے نینو ذرات اسے بجلی کا موصل (کنڈکٹر) بناتے ہیں جس کے دیگر استعمال بھی ہوسکتے ہیں۔