انسٹاگرام صارفین کیلئے دوستوں کیساتھ مشترکہ ریلز فیڈ بنانا ممکن

Published On 23 May,2025 09:03 am

کیلیفورنیا: (دنیا نیوز) فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام نے ’بلینڈ‘ نامی نیا متعارف کرا دیا ہے، جو دوستوں کو ایک ساتھ ریلز کو مشترکہ فیڈ بنانے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق یہ فیچر صارفین کو ذاتی نوعیت کا ریلز فیڈ تخلیق کرنے کی اجازت دیتا ہے، جو ان کے اور ان کے دوستوں کی دلچسپیوں پر مبنی ہوتا ہے۔

بلینڈ ایک ایسا فیچر ہے جو انسٹاگرام کے ڈائریکٹ میسجز (DMs) میں دستیاب ہے، اس کے ذریعے صارفین ایک یا ایک سے زیادہ دوستوں کے ساتھ مشترکہ ریلز فیڈ بنا سکتے ہیں۔

یہ فیڈ انسٹاگرام کے الگورتھم کے ذریعے دونوں صارفین کی دلچسپیوں اور سرگرمیوں کی بنیاد پر تیار کی جاتی ہے، ہر دن یہ فیڈ نئی ویڈیوز کے ساتھ تازہ ہوتی ہے، تاکہ صارفین کو مسلسل نیا مواد فراہم کیا جاسکے۔

بلینڈ فیچر میں صارفین ہر ریل کے نیچے دیکھ سکتے ہیں کہ وہ کس کیلئے تجویز کی گئی ہے اور وہ ایموجی ری ایکشنز یا پیغامات کے ذریعے ردعمل دے سکتے ہیں، یہ فیچر انسٹاگرام کے ریلز کے تجربے کو مزید سماجی بنانے کیلئے متعارف کرایا گیا ہے۔

بلینڈ کا مقصد صارفین کو ایک دوسرے کے ساتھ مزید گہرے تعلقات قائم کرنے اور مشترکہ دلچسپیوں کے ذریعے بات چیت کو فروغ دینا ہے۔

یہ فیچر خاص طور پر ان صارفین کیلئے مفید ہے جو اپنے دوستوں کے ساتھ ریلز شیئر کرتے ہیں اور ان پر تبصرہ کرتے ہیں، بلینڈ کے ذریعے صارفین نہ صرف نئے مواد کو دریافت کر سکتے ہیں بلکہ اپنے دوستوں کی دلچسپیوں کو بھی بہتر طریقے سے سمجھ سکتے ہیں۔

تاہم، ابھی یہ فیچر فی الحال دنیا بھر میں آئی او ایس اور اینڈرائیڈ کے محدود صارفین کیلئے دستیاب ہے۔

فیچر کے استعمال کا طریقہ
اگر آپ اس فیچر کو استعمال کرنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے انسٹاگرام کی ایپ کو کھولیں، ڈائریکٹ میسجز میں جائیں، اس چیٹ کو منتخب کریں جس میں آپ بلینڈ بنانا چاہتے ہیں پھر چیٹ کے اوپری دائیں کونے میں موجود بلینڈ کے آئیکون (دو ایموجیز والے ہگنگ آئیکون) پر ٹیپ کریں۔

اس کے بعد انوائیٹ پر ٹیپ کریں تاکہ دوستوں کو دعوت دی جاسکے اور پھر جب دوست دعوت قبول کرے گا تو مشترکہ ریلز فیڈ آپ کے انسٹاگرام میں فعال ہو جائے گی۔