لاہور : (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے موسم کی پیشگوئی کے نظام اور فصلوں کی نگرانی کیلئے سپارکو کی سپیس ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کر لیا۔
سپارکو حکام کا کہنا ہے کہ سپیس ٹیکنالوجی کا زمین پر مبنی منصوبہ بندی، سیلاب سے بچاؤ اور فصلوں کی پیداوار کی نگرانی کے لیے استعمال ہوگا، صوبے میں موسم کی نگرانی سے متعلق آلات کی تنصیب کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاک سیٹ 2 کے تحت جدید موسمیاتی آلات کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا، پاک سیٹ 2 کے تحت پنجاب میں بارش، درجہ حرارت اور دیگر موسمیاتی عوامل کی درست پیش گوئی ممکن ہوسکے گی، موسمیاتی ڈیٹا سے نہ صرف فصلوں کی پیشگوئی بلکہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
سپارکو اور حکومت پنجاب کے مابین جوائنٹ ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، فورس موسم سے متعلق ڈیٹا کو پالیسی سازی اور منصوبہ بندی کا جائزہ لے گی۔
چیئرمین پی اینڈ ڈی نبیل اعوان نے بتایا ہے کہ حکومت پنجاب نے درخواست کی ہے سپارکو کے سینئر اہلکار کو پنجاب حکومت میں ایک ہفتے کے لیے تعینات کیا جائے جو سرکاری ڈھانچے کو سمجھ کر ڈیجیٹل انضمام کے عمل کو سپورٹ کریں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مشترکہ اسٹیئرنگ کمیٹی اور پراجیکٹ آفس قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، محکمہ جاتی سالانہ ترقیاتی منصوبوں میں سپیس ڈیٹا کی شمولیت ہوگی۔