گوگل نے اپنی سروس میں ایک نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرا دیا

Published On 16 June,2025 10:36 am

کیلیفورنیا: (دنیا نیوز) دنیا کے مقبول ترین سرچ انجن گوگل نے اپنی سرچ سروس میں ایک نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرایا ہے، جس کا نام ’آڈیو اوور ویو‘ ہے، اس فیچر کے ذریعے صارفین کسی بھی سرچ کا خلاصہ سن بھی سکیں گے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق گوگل کا نیا آڈیو فیچر صارفین کو کسی بھی تلاش کا مختصر اور آسان خلاصہ آواز کی صورت میں سننے کی سہولت فراہم کرتا ہے، یعنی اب صارفین کو لمبے لمبے آرٹیکلز پڑھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، بلکہ گوگل اُن کے سوال کا جواب اپنی آواز میں سُنا دے گا۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کیلئے جب صارفین گوگل پر کوئی سوال لکھیں گے اور اگر اس تلاش پر یہ سہولت دستیاب ہوئی، تو ایک آڈیو پلیئر نظر آئے گا، صارف پلے کا بٹن دبائیں گے تو گوگل خودکار طور پر تیار کیا گیا خلاصہ سنادے گا۔

یہ خلاصہ گوگل کے جدید ترین اے آئی ماڈل ’جیمینائی‘ کے ذریعے تیار کیا جاتا ہے، جو مختلف ویب سائٹس اور معتبر ذرائع سے معلومات حاصل کر کے ایک جامع اور سادہ انداز میں خلاصہ پیش کرتا ہے۔

یہ فیچر خاص طور پر ان افراد کیلئے مفید ہے، جو زیادہ پڑھ نہیں سکتے یا پڑھنا مشکل محسوس کرتے ہیں، جو چلتے پھرتے، سفر میں یا مصروف وقت میں معلومات لینا چاہتے ہیں یا جو کسی بھی موضوع کو مختصر اور آسان زبان میں سمجھنا چاہتے ہیں۔

گوگل کا یہ فیچر فی الحال صرف اس کے تجرباتی ’سرچ لیبز‘ صارفین کیلئے دستیاب ہے، لیکن امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی یہ تمام صارفین کیلئے بھی مہیا کردیا جائے گا۔