مارک زکربرگ کا سپر انٹیلی جنس کی تیاری کیلئے اپنی ٹیم تیار کرنیکا فیصلہ

Published On 11 June,2025 10:32 pm

کیلیفورنیا: (ویب دیسک) مارک زکربرگ میٹا کی آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کے شعبے میں پیچھے رہنے پر اتنے پریشان ہیں کہ انہوں نے اس کے لیے اربوں ڈالرز خرچ کرکے اپنی ٹیم قائم کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔

مارک زکربرگ ذاتی طور پر اس ٹیم کو اکٹھا کریں گے تاکہ ایسی سپر انٹیلی جنس مشینوں کی تیاری ممکن ہوسکے جو انسانی صلاحیتوں کو پیچھے چھوڑنے کے قابل ہوں۔

بلومبرگ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مارک زکربرگ اے آئی کے شعبے میں میٹا کی کوششوں پر بہت زیادہ بیزار ہوچکے ہیں اور اسی لیے انہوں نے معاملات کو اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے، مارک زکربرگ نے کیلیفورنیا میں اپنے گھر میں اے آئی ماہرین سے ملاقات کی۔

میٹا نے فیس بک، واٹس ایپ اور کمپنی کی دیگر ایپس کے لیے اے آئی ٹولز متعارف کرائے ہیں مگر اے آئی کے شعبے میں چیٹ جی پی ٹی کو سبقت حاصل ہے جبکہ میٹا کے اے آئی ماڈل کو حالیہ مہینوں میں مسائل کا سامنا ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مارک زکربرگ نے 50 افراد کی ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اے آئی پر کام کو میٹا کے ہیڈ کوارٹر سے باہر اپنے دفتر کے قریب منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مارک زکربرگ نے یہ سب اس وقت کیا جب میٹا کے تازہ ترین لارج لینگوئج ماڈل لاما 4 کی پیشرفت انہیں مطمئن نہیں کرسکی۔