ایس آئی ایف سی کی مؤثر حکمت عملی، پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ

Published On 16 June,2025 11:33 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کی آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلقہ خدمات (IT & ITES) کی برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کا سہرا سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کی مؤثر حکمت عملی کو جاتا ہے۔

اقتصادی جائزے کی رپورٹ کے مطابق جولائی تا مارچ 2025 کے دوران آئی ٹی شعبے نے 541 ملین ڈالر کا اضافہ کیا جس سے برآمدات کا مجموعی حجم 2.42 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔

مارچ 2025 کے مہینے میں آئی سی ٹی (ICT) کی برآمدات میں 12.1 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا جو 342 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، اس اضافے میں پاکستانی فری لانسرز کا کلیدی کردار رہا جنہوں نے 400 ملین ڈالر کی ترسیلات کے ذریعے آئی ٹی برآمدات میں اہم حصہ ڈالا۔

وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام کے مطابق پی ایس ای بی (Pakistan Software Export Board) اور ایس آئی ایف سی کی مشترکہ کاوشوں سے پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کو بین الاقوامی مارکیٹ تک بہتر رسائی حاصل ہوئی ہے۔

اس ضمن میں 15 آئی ٹی کمپنیوں نے بین الاقوامی معیار کے آئی ایس او سرٹیفیکیٹس حاصل کیے ہیں جس سے پاکستان کی عالمی سطح پر ساخت مزید مضبوط ہوئی ہے۔

مزید برآں جدید ٹیکنالوجیز میں 6400 افراد کو تربیت دی گئی جبکہ 2700 انٹرنیز کی آئی ٹی کمپنیوں میں تقرری عمل میں آئی جن میں سے 70 فیصد کو ملازمت فراہم کی گئی، اس پیشرفت کے ساتھ ملک کے بڑے شہروں میں 50 سے زائد سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ ایس آئی ایف سی کی مدد اور سرکاری و نجی شعبوں کی مشترکہ کوششوں سے پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری نہ صرف پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک بااعتماد ٹیکنالوجی مرکز کے طور پر ابھر رہی ہے۔