اسلام آباد: (دنیا نیوز) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت سے حکومت نے ڈیجیٹل انفرا سٹرکچر اور براڈ بینڈ فراہمی کو بڑھانے کا عزم کیا ہے۔
جنوبی ایشیا میں سب سے تیز رفتار اضافے کے ساتھ پاکستان میں براڈبینڈ صارفین کی تعداد 1.3 کروڑ سے تجاوز کر گئی، حکومت براڈبینڈ صارفین کیلئے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں آئی ٹی اور فائبر آپٹک انفراسٹرکچر کی تنصیب کیلئے ’’رائٹ آف وے‘‘ چارجز ختم کر دیئے، رائٹ آف وے چارجز سرکاری زمین پر انفراسٹرکچر کی تنصیب کیلئے وصول کی جانے والی فیس ہے۔
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اور ٹیلی کام شزہ فاطمہ نے اس اقدام کو آئی ٹی و ٹیلی کام شعبے کیلئے ’’گیم چینجر‘‘ قرار دے دیا، چارجز کے خاتمے سے سستا اور قابل اعتماد انٹرنیٹ، نجی سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل رسائی میں اضافہ متوقع ہے۔
ٹیلی کام اور انٹرنیٹ کمپنیز کیلئے لاگت کم ہونے سے سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے، اس اقدام سے ڈیجیٹلائزیشن اور شہریوں کیلئے بہتر مواصلاتی رسائی کو فروغ ملے گا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کامیاب نفاذ دیگر شہروں کو بھی چارجز ختم کرنے کی ترغیب دے گا۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر کاوشوں سے براڈبینڈ اور ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔