شاہی قلعہ میں کھدائی کے دوران پراسرار سرنگ دریافت

Last Updated On 21 October,2018 07:51 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) ماہرین آثار قدیمہ کا کہنا ہے کہ یہ سرنگ قلعہ سے ہنگامی اخراج اور حکمرانوں کی نقل وحمل کو صیغہ راز میں رکھنے کیلئے بنائی گئی تھی، ایک اور تہہ خانہ ہو سکتا ہے۔

شاہی قلعہ میں پراسرار سرنگ دریافت کر لی گئی۔ والڈ سٹی اتھارٹی نے مغل بادشاہ شاہجہاں کے دور کی تعمیر قرار دیدیا۔ شاہی قلعہ کی بحالی کے کام کیلئے کی گئی کھدائی کے دوران دریافت ہونیوالی سرنگ کے خدوخال سے پتہ چلتا ہے کہ یہ شاہجہاں کے دور حکمرانی کی تعمیر ہے جس کو 400 سال کا عرصہ بیت چکا ہے۔

ماہرین کے مطابق بارود خانہ کے قریب واقع یہ سرنگ عالمگیری دروازہ کو دیوان خاص اور شیش محل سے باہم متصل کرنے کیلئے استعمال کی جاتی ہو گی۔

مغلیہ دور کی اس سرنگ کے بارے میں والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی ترجمان تانیہ قریشی نے کہا کہ سرنگ کے بارے میں اندازہ ہے کہ یہ قلعہ سے ہنگامی اخراج اور حکمرانوں کی نقل وحمل کو صیغہ راز میں رکھنے کیلئے بنائی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ سرنگ پر بھرپور تحقیق کی جائیگی، سرنگ کی تاریخی اور حقیقی صورت بحال کرکے اسے عوام کیلئے کھولا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ سرنگ آثار قدیمہ کے ماہرین کیلئے بھی سنسنی خیز دلچسپی کا باعث بنی ہوئی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر آرکیالوجی مسعود نے کہا کہ شاہی قلعہ کے نیچے ایک اور تہہ خانہ ہو سکتا ہے۔