لاہور: (دنیا نیوز) وادی ہنزہ میں موسم خزاں کی خوبصورتی اور دلکشی دیکھنے کے قابل ہے، جہاں رنگ بدلتے پتے اور خوبصورت نظارے سیاحوں کو اپنی طرف کھنچ لیتے ہیں، اس حسین وادی پر چھائی خزاں کے نظارے دیکھنے کے قابل ہیں۔
خزاں میں رنگ بدلتے پتوں کی بہار، قدرت کے نظارے ایسے کہ ہر کوئی کھنچا چلا آئے۔ وادی ہنزہ کا حسن موسم خزاں میں بھی جوبن پر ہے، پہاڑوں سے نکلتی سورج کی کرنیں اور زمیں پر جا بجا بچھی سنہری پتوں کی چادر نے وادی کی دلکشی میں اور اضافہ کر دیا ہے۔
باغات، گلیوں اور سڑکوں پر ہر طرف زرد پتے بکھرے ہیں۔ یہاں کے حسین نظاروں کو دیکھنے کیلئے سیاح کھنچے چلے آتے ہیں اور کیمرے کی آنکھ میں ان لمحات کو محفوظ کرنے کے لیے نکل پڑتے ہیں۔
خزاں کے موسم میں کھلے پھول بھی وادی کے حسن کو چار چاند لگا رہے ہیں، یہاں ہر لمحہ اپنا رنگ بدلتا رہتا ہے، اسی طرح آہستہ آہستہ یہاں کی رونق بھی بڑھتی جاتی ہے۔
مقامی لوگ رباب کی دھنیں بکھیر کر سیاحوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ فلک پوش پہاڑوں کے باسی اپنے مہمانوں کو سخت سردی سے بچانے کیلئے لکڑی کا انتظام کرتے ہیں اور ان کی بھرپور مہمان نوازی کرتے ہیں۔