نیروبی: (ویب ڈیسک) کینیا میں جاری ہونے والے نئے سکوں پر ملک کی مشہور جنگلی حیات کی تصاویر جیسے شیر، ہاتھی، ذرافے اور گینڈے کی تصویریں چھپی ہوئی ہیں۔
کینیا کے مقامی لوگ کرنسی پر حکمرانوں کی تصاویر کو حکمرانوں کی طرف سے ذاتی تشہیر کا ذریعہ سمجھتے تھے۔ اسی لیے نئے ڈھالے گئے سکوں پر ملک کے صدور کی تصاویر ہٹا کر جانوروں کی تصاویر چھاپ دی گئیں۔اس سے قبل کینیا کے 3 سابقہ حکمرانوں ، جومو کینیاٹا، ڈینیئل ارام موئی اور موائی کیباکی کی تصاویر چھاپی جاتی تھیں۔
کینیا کے حالیہ صدر اوہورو کینیاٹا ، جو کینیا کے پہلے رہنما جومو کینیاٹا کے بیٹے ہیں، ان کے مطابق یہ بہت بڑی تبدیلی ہے اور یہ ظاہر کرتی ہے کہ ان کی قوم نے کتنی جدوجہد کی ہے۔
ڈینیئل ارام موئی کے 24 سالہ دور حکمرانی کے خاتمے کے بعد 2002 میں انتخابات جیتنے والے صدر کیباکی نے کرنسی پر اپنی تصاویر نہ چھاپنے کا وعدہ پورا نہیں کیا اور ان کی تصویر کینیا کی کرنسی پر چھپتی رہی۔
جمہوریت اور انسانی حقوق کا بول بالا کرنے کے لیے 2010 میں بے انتہا عوامی دباؤ پر نیا آئین ملک میں لاگو ہوا۔اس میں یہ درج تھا کہ کرنسی پر اب کسی فرد کی تصویر نہیں چھاپی جائے گی بلکہ اس کی جگہ کینیا کی پہچان سمجھے جانے والے جانوروں کی تصویریں موجود ہوں گی۔
کینیا کے مرکزی بینک نے سکوں کی صورت میں اس وعدے کو پورا کردیا جبکہ نئے چھپنے والے نوٹوں پر یہ تبدیلی آئندہ چند ماہ میں نظر آئے گی۔ بینک کا کہنا ہے کہ جانوروں کا انتخاب نئے اور کامیاب کینیا کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اس سے ماحول کے لیے احترام ظاہر ہوتا ہے۔