لندن: (روزنامہ دنیا) دنیا بھر میں خواتین شریک حیات کیلئے بہترین مرد کا انتخاب کرتی ہیں لیکن برطانوی خاتون نے اپنے کمبل سے بے پناہ محبت کے باعث اسے جیون ساتھی بنانے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 49 سالہ پاسکل سلیک نامی خاتون نے شادی کی تقریبات منعقد کرنے والے ادارے کی مدد سے اپنے کمبل سے شادی کا اعلان کر کے لوگوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔ خاتون نے اپنی شادی میں دعوت عام دی ہے جو چاہے ان کی خوشی میں شریک ہو سکتا ہے۔ شادی کی یہ عجیب و غریب تقریب 10 فروری کو منعقد ہو گی جس میں پاسکل سلیک نائٹ گاؤن زیب تن کریں گی اور پاؤں میں چپّل پہنیں گی۔
پاسکل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ انھیں اپنے کمبل سے بہت محبت ہے اور وہ کبھی بے وفائی نہیں کرتا۔ خاتون کے مطابق انھوں نے لوگوں کو شادی میں اس لئے مدعو کیا ہے تاکہ وہ کمبل سے ان کے رشتے کے گواہ رہیں۔ پاسکل نے شادی میں شرکت کے خواہشمند لوگوں سے گاون پہننے اور ہاتھ میں گرم پانی رکھنے کی بھی عجیب و غریب درخواست کی ہے۔