نیویارک: (روزنامہ دنیا) اکثر افراد کو رات کو سونے کیلئے لیٹنے کے بعد نیند نہ آنے کے مسئلے کا سامنا ہوتا ہے اور وہ نیند کے انتظار میں کافی دیر کروٹیں بدلتے رہتے ہیں مگر اس کا حل سامنے آ گیا ہے۔
بے خوابی یا نیند نہ آنا بیشتر افراد کا مسئلہ ہوتا ہے اور نیند کی کمی متعدد امراض کا خطرہ بڑھاتی ہے جبکہ چہرے پر بھی اس کے اثرات سیاہ حلقوں کی شکل میں ظاہر ہوتے ہیں مگر اب ہارورڈ یونیورسٹی کے ایک ماہر نے اس کا حل پیش کیا ہے اور اس کی مدد سے آپ ایک منٹ میں سونے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔
ہارورڈ کے ڈاکٹر اینڈریو ویل کے مطابق یہ ایک قدرتی ٹوٹکا ہے جو صدیوں سے مختلف افراد استعمال کر رہے ہیں۔ اس طریقے کو 4-7-8 کا نام دیا گیا ہے اور ہاں یہ سننے یا بولنے جتنا ہی آسان ہے۔
سب سے پہلے بستر پر سکون انداز میں لیٹ جائیں اور پھر اپنی ناک سے 4 سیکنڈ کیلئے سانس لیں، اس کے بعد 7 سیکنڈ کیلئے سانس روک لیں اور پھر منہ سے 8 سیکنڈ میں آہستگی سے سانس خارج کریں۔
یہ عمل اس وقت تک دہرائیں جب تک نیند نہیں آ جاتی اور اکثر اوقات لوگ اسے آزما کر ایک منٹ کے اندر ہی سونے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ ڈاکٹر اینڈریو کا کہنا ہے کہ یہ بہترین طریقہ کار ہے جو میں نے نیند نہ آنے کے مسئلے کے حل کے طور پر آزمایا ہے۔